پی ایس ایل 9: ٹورنامنٹ کے تمام میچز پاکستان میں ہی کرائے جانے کا فیصلہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے میچز کے وینیوز پاکستان میں ہی رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا، اعلان جلد متوقع ہے۔
شائقین کرکٹ جہاں پی ایس ایل ٹریڈ اور ڈرافٹ کو لے کر پُرجوش ہیں وہیں اب انہیں ایک اور خوشخبری مل گئی ہے۔ فرنچائزز کی تجاویز کو مدںظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 9 کے تمام میچز پاکستان میں ہی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کی مینجمنٹ کو حکومتی اداروں کی طرف سے میچز پاکستان میں کروانے کا گرین سگنل جلد ہی موصول ہونے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی جلد ہی باقاعدہ اعلان بھی کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 9 کے میچز کیلئے پاکستان کے چار وینیوز کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی شامل ہیں۔ پشاور زلمی بھی پشاور میں میچز کروانے کا عندیہ دے چکی ہے تاہم پی سی بی نے تاحال پشاور کو وینیو لسٹ میں شامل نہیں کیا۔
اس حوالے سے یہ بھی خبریں سامنے آئی ہیں کہ کراچی کنگز فائنل کراچی جبکہ لاہور قلندرز فائنل لاہور میں کروانے کی خواہاں ہے۔