اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا پر خبریں وائرل ہو رہی ہیں کہ سردیوں میں گھریلو صارفین کو دن میں تین ٹائم مجموعی طور پر 8 گھنٹے گیس فراہم کی جائے گی تاہم اب اس دعوے کی حقیقت سامنے آ گئی ہے .
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے ' لوگو' لگی ایک پوسٹ وائرل ہو رہی ہے جس میں گیس کے تین مختلف اوقات کار درج کئیے گئے ہیں .
تصویر کے مطابق، قدرتی گیس گھریلو صارفین کو صبح 6 بجے سے صبح 9 بجے، 11:30بجے سے دوپہر 1:30بجے تک اور شام 5:30 بجے سےرات 8:30بجےتک فراہم کی جائے گی .
درحقیقت یہ دعویٰ غلط اور بے بنیاد ہے کیونکہ ایس این جی پی ایل کی جانب سے ایسا کو بھی اعلان نہیں کیا گیا ہے . یہ پوسٹ 17 جنوری کو ایک فیس بک صارف کی جانب سے شیئر کی گئی جس میں دعویٰ کیا گیاکہ گیس کی فراہمی کے اوقات کار تبدیل کر دیئے گئے ہیں .
ایس این جی پی ایل نے ایسی کسی بھی پوسٹ یا اوقات کار جاری کرنے کی خبروں کی تردید کی ہے ، ایس این جی پی ایل کے ترجمان امجد اکرام نے بتایا کہ گیس لوڈ شیڈنگ کے شیڈول میں صبح، دوپہر یا شام کے اوقات شامل نہیں کئے گئے ہیں . انہوں نے کہا کہ” ابھی کوئی شیڈول نہیں ہے، گیس کی سپلائی رات 10 بجے سےصبح 6 بجے تک بند کر دیتے ہیں، اس میں انڈسٹری کو بند نہیں کرتے، صرف گھریلوصارفین کےلئے بند ہوتی ہے . “