کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن، نواز شریف و یاسمین راشد کے این اے 130 سے کاغذات جمع


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) الیکشن 2024 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن ہے جس کا وقت شام ساڑھے 4 بجے تک ہے۔قومی اور صوبائی نشستوں کیلئے امیدوار آج بھی کاغذات جمع کرا رہے ہیں، تاہم کاغذات جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع سے رش ختم ہوگیا ہے۔
اتوار کی چھٹی کے باوجود ملک بھر میں تمام ریٹرننگ، اسسٹنٹ افسران اور عملہ آر او آفس میں حاضر ہے۔ ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کے دفاتر کے باہر سخت سیکورٹی انتظامات ہیں۔کل 25 دسمبر سے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا عمل شروع ہوگا جو 31 دسمبر تک جاری رہے گا۔
مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔ نواز شریف کے کورنگ امیدوار بلال یسین ہیں۔ نواز شریف کو 26 دسمبر کو اسکروٹنی کیلئے بلا لیا گیا این اے 130 سے تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ جماعت اسلامی کی جانب سے صوفی خلیق اور احمد بٹ نے کاغذات جمع کروائے ہیں۔