رشمیکا مندانا اور وجے دیورکونڈا کی منگنی کی خبر زیرِ گردش


بھارت(قدرت روزنامہ) تیلگو فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار وجے دیوراکونڈا اور اداکارہ رشمیکا مندانا کی منگنی سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا کی منگنی خبریں گردش کررہی تھیں اور اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ دونوں وجے اور رشمیکا رواں سال فروری کے دوسرے ہفتے میں منگنی کریں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا کی جانب سے ابھی تک منگنی کی خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے لیکن کہا جارہا ہے کہ یہ جوڑی بہت جلد اپنی منگنی کا اعلان کرے گی۔اس سے قبل وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا کے درمیان رومانوی تعلقات کی افواہیں بھی سوشل میڈیا پر پھیلی تھیں لیکن اس جوڑی نے اپنے تعلقات کا اعتراف نہیں کیا تھا۔
واضح رہے کہ وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا نے سال 2018 کی فلم ‘گیتا گووندم’ اور سال 2019 کی فلم ‘ڈیئر کامریڈ’ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ان فلموں میں ان دونوں کی جوڑی کو بےحد پسند کیا گیا تھا، مداحوں کا کہنا تھا کہ وہ اصل زندگی میں بھی وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا کو میاں بیوی کے رشتے میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ رشمیکا مندانا آخری بار بالی ووڈ کی بلاک بسٹر ایکشن فلم “انیمل” میں سُپر اسٹار رنبیر کپور کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئی تھیں۔
سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘انیمل’ 2023 میں یکم دسمبر کو ریلیز ہوئی تھی اور اب تک اس فلم نے دُنیا بھر سے مجموعی طور پر 800 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کرلی ہے۔