فیصل آباد کی ساری سیٹیں جیتے تو آئی ٹی یونیورسٹی بنائیں گے، شہباز شریف


فیصل آباد(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیصل آباد کی ساری سیٹیں جیتیں گے تو آئی ٹی یونیورسٹی بنائیں گے۔فیصل آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ فیصل آباد کی ساری سیٹیں جیتنا ہے، 8 فروری کو شیر پر مہر لگانی ہے، ہیرا پھیری نہیں کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کی طاقت اور سرمایہ ہیں، جنہیں دوبارہ لیپ ٹاپ ملیں گے، تمام سیٹیں جیت گئے تو فیصل آباد میں آئی ٹی یونیورسٹی بنائیں گے۔ن لیگی صدر نے مزید کہا کہ 8 فروری کو شیر پر مہر لگاؤ گے تو نوجوانوں کےلیے نواز شریف جدید تعلیم کا انتظام کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں نے یہاں ایکسپریس وے بناکر دی، نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہوگا۔شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ اگر موقع ملا تو نواز شریف آپ کو فیصل آباد میں میٹرو بناکر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹھاٹھے مارتا سمندر گواہی دے رہا ہے کہ یہ جذبہ نواز شریف کے لیے ہے، آپ نے ن لیگی قائد کے ساتھ پیار کیا ہے اور محبت کی ہے۔ ن لیگی صدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے فیصل آباد کو ہمیشہ اپنا شہر جانا ہے، وہ ترقیاتی منصوبے لائے، میں پارٹی قائد کے حکم پر روزانہ صبح 6 بجے فیصل آباد آتا تھا، جس وقت لوگ لحاف میں سوئے ہوتے تھے۔