ن لیگ سے حکومت سازی کے حوالے سے بات نہیں ہوئی، خالد مقبول صدیقی


لاہور(قدرت روزنامہ) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہماری ن لیگ سے حکومت سازی کے حوالے سے بات نہیں ہوئی بلکہ ملکی سیاسی اور معاشی بحران پر بات چیت ہوئی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری ن لیگ سے حکومت سازی کے حوالے سے بات نہیں ہوئی بلکہ اس سے اہم معاملے یعنی سیاسی استحکام اور ملکی معاشی معاملے پر بات چیت ہوئی، تمام سیاسی جماعتیں اور آزاد امیدوار حکومت بنانے سے پاکستان بچانے کے لیے یکجاہوکر بات کریں ورنہ ہم بہت بڑے بحران سے دوچار ہوجائیں گے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمیں عوام کے درمیان رہنا ہے ہم شہروں کو جتنا درست کرسکیں گے کریں گے۔ آزاد امیدواروں کی فتح پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسلسل بحرانوں سے دوچار ہونے کے سبب ایسا ہوا جو بھی آخری حکومت تھی سارا بوجھ اس پر آیا اور ہم اسی حکومت کا حصے تھے۔
پیپلز پارٹی سے بات چیت کے سوال پر انہوں ںے کہا کہ کچھ لوگ مخلوط حکومت کی بات کررہے ہیں کچھ لوگ قومی حکومت کی بات کررہے ہیں، ہم تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کے قائل ہیں، ہمارا ابھی تک کسی اور جماعت سے رابطہ نہیں ہوا بازگشت سنائی دے رہی ہے کہ شاید پی پی ہم سے رابطہ کرے گی۔
واضح رہے کہ آج ایم کیو ایم اور ن لیگ کے درمیان لاہور میں ملاقات ہوئی جس کے حوالے سے خبریں آئی ہیں کہ دونوں جماعتوں نے حکومت سازی کے لیے ساتھ چلنے پر اتفاق کیا ہے۔