ٹانک میں ری پولنگ کے دوران پولیس پر فائرنگ، پولنگ روک دی گئی


ٹانک (قدرت روزنامہ)خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے کوٹ اعظم میں پولنگ اسٹیشن کے باہر پولیس بکتر بند گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی کی ترسیل بھی کئی گھنٹوں سے بند ہے جس سے انتخابی عملے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
این اے 43 کے 6 پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے بعد آج 19 فروری کو پولنگ کی جارہی ہے۔ آزاد امیدوار داور کنڈی کو کامیاب قرار دینے کے بعد مفتی اسعد محمود نے ری پولنگ کی اپیل کی تھی۔ کوٹ اعظم اور دیگر علاقوں میں این اے 43 کے 6 پولنگ اسٹیشنز پر 8 فروری کے روز شدت پسندوں کے حملوں کی وجہ سے پولنگ نہیں ہوسکی تھی۔
8 فروری کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار داور کنڈی کو کامیاب قرار دیا گیا تھا۔ انجینئر داور کنڈی خان کا مقابلہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے فرزند مفتی اسعد محمود کے ساتھ ہے۔ 8 فروری کے الیکشن میں داور کنڈی نے 63556 اور مفتی اسعد 62730 ووٹ حاصل کئے تھے۔
داور کنڈی 826 ووٹوں کی برتری سے جیت گئے تھے۔ مفتی اسعد محمود نے الیکشن ٹربیونل سے نان پولڈ پولنگ سٹیشن پر پولنگ کی اپیل کی تھی۔ الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کی رو سے آج 19 فروری کو پولنگ کی جارہی ہے۔ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود صرف 2 پولنگ سٹیشن پر پولنگ کا عمل شروع کیا جاسکا ہے ۔ 6 پولنگ سٹیشنز میں 5438 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے