پاکستان میں سوشل میڈیا سائٹ ایکس چوتھے روز بھی متاثر، تحریک انصاف کا عدالت جانے کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس چھوتھے روز بھی متاثر ہے جس پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رہنما تحریک انصاف علی محمد خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ’سوشل میڈیا پلیٹ فارم X یعنی سابقہ ٹویٹر کی بندش کو آج چوتھا دن ہے، آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں بطور وکیل خود فاشسٹ حکومت کے اس آمرانہ فعل کوچیلنج کرنے جا رہا ہوں، یہ آمریت قابل قبول نہیں۔‘
علی محمد خان نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی بنیادی انسانی حق ہے اور آج کے اس جدید دور میں آمریت کے یہ پچھلی صدی کے حربے چلنے والے نہیں، انٹرنیٹ بند کرنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم X یا چینلوں کو بند کرنا، سچ کو دبانا مسائل کا حل نہیں۔


رہنما پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ عوام کا مینڈیٹ عوام کو واپس کرنا پڑے گا، عوام تو سچ بولیں گے، سچ کو سامنے آنے دو۔
واضح رہے کہ گزشتہ 2 دنوں سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں سوشل میڈیا سائٹ ایکس متاثر ہے، کچھ دیر کے لیے یہ سروس بحال ہوتی ہے تو پھر ڈاؤن ہوجاتی ہے، ایکس کی آنکھ مچولی کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹرکے مطابق پاکستان میں 17 فروری کی شب 9 بجے سے ایکس کی سروس ڈاؤن ہونے کی شکایات موصول ہونا شروع ہوئی تھی اور اب تک یہ شکایات موصول ہورہی ہیں۔ دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ایکس کی بندش پر مؤقف دینے سے گریزاں ہے۔