سپریم کورٹ؛ جماعت اسلامی کی مبارک ثانی کیس میں فریق بننے کی درخواست


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) جماعت اسلامی نے سپریم کورٹ میں مبارک احمد ثانی کیس میں فریق بننے کی درخواست دائر کردی۔فریق بننے کی درخواست سابق جج شوکت عزیز صدیقی کے ذریعے دائر کی گئی۔ جماعت اسلامی نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت نظر ثانی کیس میں معاونت کیلئے فریق بنایا جائے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مبارک احمد ثانی کیس میں پنجاب حکومت کی جانب سے دائر نظر ثانی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔
جمعے کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے حکومت پنجاب کی نظر ثانی درخواست کی سماعت کی تھی ۔ اسسٹنٹ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مبارک ثانی کیس کے فیصلے میں آرٹیکل 20کی مکمل وضاحت نہیں کی گئی جس سے عدالتی فیصلے کا غلط تاثر لیا گیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ وضاحت کی ضرورت نہیں تاہم صوبائی حکومت چاہتی ہے تو وضاحت کر دیتے ہیں، آرٹیکل 20 کے مطابق مذہبی آزادی امن عامہ اور اخلاقیات سے مشروط ہے۔