مصطفیٰ کمال کی آڈیو ویڈیو لیک اور اعتراف مکافات عمل ہے، حلیم عادل شیخ


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ مصطفیٰ کمال کی آڈیو ویڈیو لیک اور اعتراف مکافات عمل ہے . ایک بیان میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ جیسے چوری کی گاڑی کوئی نہیں خریدتا ویسے ہی ایم کیو ایم کا مینڈیٹ ہے، یہ لوگ چوری کا مینڈیٹ لے کر وزارتیں لینے گئے تھے .


حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ مینڈیٹ بیچنے گئے تھے فارم 45 ہے تو سامنے لاؤ، پیپلز پارٹی، ن لیگ کا مینڈیٹ چوری اور ایم کیو ایم کا ڈاکے کا ہے، اب آپ کو بھی تسلیم کر لینا چاہیے یہ چوری کا مینڈیٹ ہے . انہوں نے کہا کہ کراچی میں عوام نے ووٹ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کو دیا، بہتر ہے چوری کا مال واپس کر دیں لوگوں نے آپ کو رد کیا، اب تو آپ لوگوں کو نام نہاد اتحادیوں نے بھی رد کر دیا ہے .
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ ہم ایک ایک سیٹ واپس لیں گے، کراچی سے 20 اور حیدرآباد سے 2 قومی اسمبلی کی سیٹیں ہماری جیتی ہوئی ہیں، پورے ملک سے 183 قومی اسمبلی کی سیٹیں ہم نے جیتی ہیں، انشاء اللّٰہ دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے .
واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے اپنی لیک ہونے والی ویڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ویڈیو میری ہے . مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ یہ میری ویڈیو ہے جس میں رابطہ کمیٹی کے کمرے میں ارکان کو مسلم لیگ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے بارے میں بریفنگ دے رہا ہوں .
ویڈیو میں مصطفیٰ کمال رابطہ کمیٹی کو ن لیگ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی بریفنگ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ن لیگ نے بتایا کہ پی پی نے ان سے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کا مینڈیٹ 100 فیصد جعلی ہے، ہمارے نمبرز پورے ہو چکے، ہمیں ایم کیو ایم کی ضرورت نہیں رہی . انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ یہ ویڈیو لندن کے ایک گھس بیٹھیے نے جاری کی .

. .

متعلقہ خبریں