والدین کو سوچنا چاہئے کہ ان کی بیٹی کی زندگی طلاق سے زیادہ اہم ہے: نوین وقار


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستانی آر جے، وی جے اور اداکارہ نوین وقار کا کہنا ہے کہ طلاق پر زندگی ختم نہیں ہوتی اور والدین کو سوچنا چاہئے کہ ان کی بیٹی کی زندگی طلاق سے زیادہ اہم ہے . حال ہی میں اداکارہ نے میزبان سدرہ اقبال کے پروگرام میں شرکت کی اور زندگی کے مختلف امور پر کھل کر بات کی .


انہوں نے موجودہ ڈرامہ سیریلز میں طلاق کو جس طرح پیش کیا جاتا ہے اس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ڈراموں کی کہانی شادی اور طلاق کے گرد ہی گھومتی ہے، ہم آج بھی اس سے آگے نہیں نکلے ہیں . انہوں نے میزبان کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ طلاق خوشی کی بات نہیں بلکہ انتہائی خوفناک ہے لیکن یہ بھی یاد رکھا جانا چاہیےکہ اس پر دنیا کا اختتام نہیں ہوتا، ہمارے معاشرے میں بیشتر لڑکیاں طلاق کے خوف سے ظلم سہتی رہتی ہیں اور اس کے ذمہ دار والدین ہیں .
انہوں نے کہا کہ میں لڑکی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتی کیونکہ انہیں یہ ہی سکھایا جاتا ہے، بلکہ یہ ماں باپ ہوتے ہیں جو اپنی بیٹی کی اس طرح تربیت کرتے ہیں کہ اگر انہیں کہیں عزت نہیں مل رہی تو ایسے رشتے کو قائم رکھنے کے لیے دباؤ نہ ڈالیں بلکہ ایسے رشتے کو ختم کرنے کی ہمت دیں .
لڑکیوں کو طلاق کے وقت یہ سوچ کر پریشان نہیں ہونا چاہیئے کہ اگر والدین نے بھی انہیں اپنے گھر میں نہیں رکھا تو کیا ہوگا؟ کیونکہ ہر کسی کا نصیب لکھا ہوتا ہے اور انہیں اپنے راستے خود بنانے پڑیں گے . اگر خدا نے انہیں اتنی بڑی مشکل سے نکالا ہے تو اسی نے ان کے لیے آگے بھی بہت کچھ سوچ رکھا ہوگا .
اداکارہ نے مزید کہا کہ ماضی میں لڑکی کو سکھایا جاتا تھا کہ سسرال سے ان کا جنازہ ہی آئے گا، والدین اپنی بیٹیوں کو مرتا چھوڑ دیتے تھے اور کہتے تھے کہ طلاق لے کر مت آنا لیکن اب ایسا نہیں ہوتا، اب زمانہ تبدیل ہوگیا ہے، اب طلاق لینا یا ہوجانا کوئی بڑی بات نہیں رہی .
انہوں نے تسلیم کیا کہ طلاق ہرگز خوشی کی بات نہیں، یہ تکلیف دہ عمل ہے لیکن خواتین کو سمجھنا ہوگا کہ انہیں ایسے رشتے میں رہنے کی ضرورت ہی نہیں، جس میں انہیں ذلت اُٹھانی پڑے کیونکہ طلاق پر زندگی یا دنیا ختم نہیں ہوتی .

. .

متعلقہ خبریں