تینوں خان ایک اسٹیج پر: مکیش امبانی کو کتنا معاوضہ ادا کرنا پڑا ؟


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے کنگ، شاہ رخ خان، سلمان خان عرف سلو بھائی اور مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے آننت امبانی اور رادھیکا کی شادی سے قبل کی تقریبات میں ایک ساتھ اسٹیج پر پرفارم کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
رواں ہفتے کے آغاز میں ایشیا کی سب سے امیر ترین شخصیت مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے آننت امبانی کی رادھیکا مرچنٹ سے شادی سے قبل کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔اس پرتعیش تقریبات نے سوشل میڈیا پر وائرل ہو کر پوری دنیا بھر کے انٹرنیٹ صارفین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔
اس شادی میں ایک انہونی یہ بھی ہوئی کہ جو بالی ووڈ کے مہنگے ترین ڈائریکٹرز نہ کر سکے وہ امبانی نے اپنے بیٹے کی شادی پر کر دکھایا۔امبانی کی تقریبات کے دوران بالی انڈسٹری کے تینوں خانوں کو ایک اسٹیج پر پرفام کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
اب بھارتی میڈیا ’ٹائمز ناؤ‘ نے اپنی ایک خبر میں دعویٰ کیا ہے کہ آننت امبانی کی شادی سے قبل منعقد کی گئی ان تقریبات میں تینوں خانز نے دل کھول کر اپنے خاندان سمیت ناصرف شرکت کی بلکہ ان تقریبات میں پرفارم کرنے کے لیے بطور معاوضہ ایک روپیہ تک نہیں لیا۔
’ٹائمز ناؤ‘ نے رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ تینوں خانوں کو ایک ساتھ ایک اسٹیج پر لانا اگرچہ بہت مشکل کام تھا مگر اُنہوں نے مکیش امبانی کی اس دعوت کو دل کھول کر قبول کیا اور اسٹیج پر ایک ساتھ پرفارم کرنے کے لیے آفر کی گئی رقم بھی وصول کرنے سے انکار کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تینوں خانوں نے آننت اور رادھیکا کی شادی کی پرِی ویڈنگ گالا میں بالکل مفت مہمانوں کو محظوظ کیا تھا۔