آصف زرداری جمہوری قوتوں کیلئے قابلِ قبول شخصیت ہیں: منظور وسان


کراچی (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدرِ پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
منظور وسان، اسماعیل راہو، ضیاء الحسن لنجار، ہالار وسان نے آصف زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
ایک بیان میں منظور وسان نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری تمام جمہوری قوتوں کے لیے قابلِ قبول شخصیت ہیں۔
اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے دوسری مرتبہ صدر منتخب ہو کر پاکستان میں نئی تاریخ رقم کی۔
اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے آصف علی زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اٹھارویں آئینی ترمیم اور پارلیمنٹ کی بالادستی آصف زرداری کے مرہون منت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے آصف زرداری بھاری اکثریت سے ملک کے چودہویں صدر منتخب ہوئے۔
آصف زرداری نے 411 اور اپوزیشن امیدوار محمود خان اچکزئی نے 181 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے تھے۔