آصف زرداری نے 2008 کے مقابلے میں 70 ووٹ کم لئے
لاہور(قدرت روزنامہ)نو منتخب صدر آصف علی زرداری نے2008 کے مقابلے میں حالیہ صدارتی الیکشن میں 70 ووٹ کم لئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہونے والے آصف علی زرداری 2008 ء کے اپنے پہلے صدارتی انتخاب کا ریکارڈ نہ توڑ سکے، آصف زرداری نے 2008 کے صدارتی الیکشن میں 481 الیکٹورل ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی۔2008 میں آصف علی زرداری کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے سعید الزماں صدیقی نے 153 جبکہ مسلم لیگ ق کے مشاہد حسین سید نے 44 الیکٹورل ووٹ حاصل کئے تھے۔
گزشتہ روز ہونے والے صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری نے 411 الیکٹورل ووٹ لیکر دوسری مرتبہ صدر بننے میں کامیاب رہے، آصف زرداری کے مدمقابل صرف ایک ہی امیدوار محمود خان اچکزئی تھے جنہوں نے 180 الیکٹورل ووٹ حاصل کئے۔