’کردارکشی، نیب ٹرائل ، جیل سے لے کر ایوان صدر تک، ایک تصویر جو ہزاروں الفاظ سے بہتر ہے‘


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کو خاتونِ اول بنانے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔ آصفہ بھٹو کو خاتونِ اول کا پروٹوکول دیا جائے گا۔ وہ پہلی خاتون اول ہوں گی جو صدر کی بیٹی ہیں۔ عام طور پر خاتون اول کا درجہ اہلیہ کو جاتا ہے۔
ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب میں آصفہ بھٹو اپنے والد آصف زرداری کے ہمراہ ان کے بازو میں بازو ڈال کر چل رہی تھیں۔ سوشل میڈیا پر نو منتخب صدر آصف زرداری اور آصفہ بھٹو کی تصویر وائرل ہے جس میں آصفہ بھٹو اپنی والدہ بے نظیر بھٹو سے ہو بہو مشابہت رکھتی ہیں۔
صحافی حامد میر نے آصف علی زرداری کی اپنی بیٹی کے ہمراہ تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ایک تصویر ہزاروں الفاظ سے بہتر ہے۔


ایک صارف نے لکھا کہ کردارکشی، نیب ٹرائل، جیل سے لے کر ایوان صدر تک ایک باکردار بیٹی باپ کا ہاتھ تھامے ڈنکے کی چوٹ پہ کھڑی ہے۔


علی نامی صارف لکھتے ہیں کہ خاتون اوّل آصفہ بھٹو کو ’بینظیر کا عکس‘ اور ’نائب صدر‘ جیسے خطاب بھی مل گئے۔


شوکت علی زرداری نے آصفہ بھٹو کی آصف علی زرداری کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کچھ تصویریں اپنے آپ میں کہانی ہوتی ہیں۔


ایک ایکس صارف نے لکھا کہ جیلوں سے صدارتی محل تک ایک بہادر بیٹی اپنے والد کا ہاتھ پکڑے ہوئے ہیں۔


آصفہ بھٹو زرداری پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کے سیاسی گھرانے کا حصہ ہیں، وہ پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید اور پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کی سب سے چھوٹی بیٹی ہیں۔ انہوں نے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کے لیے ملک گیر انتخابی مہم بھی چلائی۔