پاکستان

حکومتی ٹیکس کا نفاذ: سوزوکی مینوفکچرنگ گاڑیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوزوکی آٹوموبائل کمپنی نے حکومت کی طرف سے سیلز ٹیکس بڑھائے جانے کے بعد گاڑیوں کے دیگر ماڈلز کے ساتھ سوزوکی سففٹ کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کر دیا ہے، ’سففٹ جی ایل ایکس سی وی ٹی‘ کار کی قیمت میں 3 لاکھ 4 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
پاک سوزوکی موٹرز کی جانب سے اپنے ڈیلرز کو لکھے گئے خط کے مطابق وزارت خزانہ اور ریونیو، حکومت پاکستان کی جانب سے 8 مارچ 2024 کو جاری کردہ ایس آر او 370 (1)/2024 کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اگر پاکستان کسٹم ٹیرف کے چیپٹر 87.03 کے تحت آنے والی گاڑیوں کے لیے انوائس کی قیمت (سیلز ٹیکس کے علاوہ) 40 لاکھ روپے سے زیادہ ہے تو مقامی طور پر تیار یا اسمبل کی جانے والی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس 18 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کر دیا گیا ہے۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ حکومت کی طرف سے چوں کہ سیلز ٹیکس میں اضافہ کر دیا گیا ہے لہٰذا ’پی ایس ایم سی ایل‘ نے سوزوکی آٹوموبائل پروڈکٹ کی نئی نظر ثانی شدہ ریٹیل سیلز قیمت کا اعلان کیا گیا ہے جو کہ08 مارچ، 2024 سے نافذ العمل ہو گا۔
خط کے مطابق سوزوکی ماڈل نمبر سففٹ جی ایل ایکس سی وی ٹی کے پہلے قیمتِ فروخت پاکستانی روپوں میں 5,125,000 روپے تھی جو نظر ثانی شدہ قیمت فروخت کے مطابق اب 54,29000 روپے پر دستیاب ہو گی۔ اس طرح مذکورہ ماڈل نمبر گاڑی کی قیمت میں 3 لاکھ 40 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ نظر ثانی شدہ خوردہ قیمت میں ایف ای ڈی اور سیلز ٹیکس شامل ہیں اور ایڈوانس انکم ٹیکس اس سے الگ ہے۔خط کے مطابق مذکورہ قیمت عارضی ہے اور بغیر کسی پیشگی اطلاع کے اس میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے اور فروخت کے وقت ہی قیمتوں کا اطلاق ہوگا۔
گاڑی خریدار کے حوالے کرتے وقت لاگو ہونے والے کسی بھی سرکاری ٹیکس اور لیویز کو خریدار خود برداشت کرے گا۔ڈیلرز سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ ہر گاہک کو بکنگ آرڈر کی شرائط و ضوابط خاص طور پر گاڑی حوالگی کے وقت لاگو قیمت فروخت کے بارے میں آگاہ اور اس کی وضاحت کریں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے یکم مارچ 2024 سے اپنی کاروں کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 65 ہزار روپے سے ایک لاکھ 80 ہزار روپے تک کا اضافے کا اعلان کیا تھا۔
مجاز ڈیلرز کو جاری کیے گئے سرکلر کے مطابق پاک سوزوکی نے سوزوکی آلٹو وی ایکس، وی ایکس آر، وی ایکس آر (اے جی ایس)، اور وی ایکس ایل (اے جی ایس) کی قیمت بالترتیب بڑھا کر 23 لاکھ 31 ہزار، 27 لاکھ 7 ہزار، 28 لاکھ 94 ہزار، 30 لاکھ 45 ہزار کردی، یہ کاریں پہلے 22 لاکھ 51 ہزار، 26 لاکھ 12 ہزار، 27 لاکھ 99 ہزار، 29 لاکھ 35 ہزار روپے میں دستیاب تھیں۔

متعلقہ خبریں