سینیٹ ضمنی الیکشن: پیپلز پارٹی 4، ن لیگ اور جے یو آئی ایک ایک نشست پر کامیاب


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سینیٹ کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی 4 جبکہ ن لیگ اور جے یو آئی ایک ایک نشست پر کامیاب ہوگئیں . اسلام آباد کی نشست پر حکومتی اتحاد کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی اپنی ہی خالی کی ہوئی نشست پر دوبارہ سینیٹر منتخب ہوگئے .


ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی ایک، سندھ کی 2 اور بلوچستان کی 3 نشستوں پر انتخاب ہوا . قومی اسمبلی میں مجموعی طور 301 ارکان اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیا . حکومتی اتحاد کے یوسف رضا گیلانی اسلام آباد کی نشست پر کامیاب قرار پائے . یوسف رضا گیلانی کو 204 اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کو 88ووٹ ملے .
سندھ اسمبلی میں سینیٹ کی دو نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 124 ووٹ کاسٹ کئے گئے جن میں سے 123 ووٹ درست قرار پائے . پیپلز پارٹی کے دونوں امیدواروں نے میدان مار لیا . اسلم ابڑو اور سیف اللہ دھاریجو کامیاب ہوگئے . سیف اللہ دھاریجو کو 58 اور اسلم ابڑو کو 57 ووٹ ملے .
بلوچستان اسمبلی میں 65 ارکان کے ایوان میں سے 61 ووٹ کاسٹ ہوئے . پی پی پی کے میر عبدالقدوس بزنجو 23ووٹ، جے یوآئی کے عبدالشکور غبیزئی 16ووٹ اور ن لیگ کے میر دوستین ڈومکی 17ووٹ لیکر سینیٹر منتخب ہوگئے .
ایم کیوایم نے ضمنی انتخاب سے لا تعلقی کا فیصلہ کیا جبکہ جماعت اسلامی نے بھی بائیکاٹ کیا . نشستیں 6 سینیٹرز کے مستعفی ہونے پر خالی ہوئی تھیں . یوسف رضا گیلانی ، مولانا عبدالغفور حیدری، نثارکھوڑو ، جام مہتاب، پرنس احمدعمر اور سرفرازبگٹی سینیٹ سے مستعفی ہوئے تھے .

. .

متعلقہ خبریں