ویٹرنری ڈاکٹرز کو مختلف محکموں میں روزگار فراہم کرکے خدمات کے مواقع دیے جائیں، ایسوسی ایشن


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان ویٹرنری ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے لائیو اسٹاک کے فوائد بیان کرتے ہوئے کہا کہ لائیو اسٹاک ملک کی اکانومی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ملکی اکانومی سے مراد زرعی شعبہ ہے جس میں پالتو جانور، مال مویشی، گائے، بھیڑ بکریا اور پولٹری سیکٹر شامل ہیں یہ شعبہ بہت سے ممالک خاص کار ترقی پزیر ممالک میں ملکی معشیت میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے، ملک کے بیشتر علاقوں میں بہت سے گھرانوں کیلئے خوراک و آمدنی کا ذریعہ مال مویشی ہیں اور ان مویشیوں کی مصنوعات جیسے گوشت، دودھ اور انڈے سے لوگوں کی غذائی ضروریات حاصل ہوتی ہیں، دوسری مصنوعات جیسے چمڑہ، اون اور کھالوں سے کپڑے، کوٹ، جوتے ودیگر مقاصد کیلئے استعمال ہوتے ہیں، جانوروں کی مصنوعات کے برآمدات کے ذریعے قومی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے، بہت سے ممالک میں مویشیوں کے برآمدات کمانے کا اہم ذریعہ بھی ہے لیکن بدقسمتی سے بلوچستان میں لائیو اسٹاک کو پچھلے 5 سال سے دیوار کیساتھ لگایا جارہا ہے، دور دراز علاقوں میں مویشیوں کے امراض کا بروقت علاج وجدید سہولیات نہ ہونے کیوجہ سے جانوروں کی ہلاکتیں ہورہی ہیں، جس سے دن بدن مال مویشیوں میں کمی نظر آرہی ہے اور ملک میں ان پروڈکٹس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ غربت بڑھ رہی ہے جو کہ ملک کی معیشت کیلئے خطرے کا باعث ہے۔ حکومت بلوچستان کو چاہیے کہ اس محکمہ پر خاص توجہ دے کر ملکی و صوبائی معیشت میں اہم کرداراداکرے تاکہ غربت و بےروزگاری کاخاتمہ ہو، صوبے میں 1600 نوجوان ڈاکٹرز جو جدید علم و ٹیکنالوجیز سے وابستہ ہے ان ڈاکٹرز کو محکمے میں خدمات کے مواقع دیے جائیں۔