میں اب لوگوں سے ملاقات کا معاوضہ وصول کروں گا، انوراگ کیشیاپ


ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی فلم ساز و ہدایتکار انوراگ کیشیاپ نے کہا ہے کہ وہ اب لوگوں سے ملاقات کرنے کا بھی معاوضہ وصول کریں گے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے بیان انوراگ کیشیاپ کا کہنا تھا کہ نئے لوگوں کی مدد میں میں نے اپنا کافی وقت برباد کیا جو لوگ بعد میں سطحی ثابت ہوئے۔
انکا کہنا تھا کہ اب سے میں بےتکے لوگوں سے ملاقات کرکے اپنا وقت برباد نہیں کرنا چاہتا جو یہ سمجھتے ہیں کہ وہ تخلیقی ذہانت کے مالک ہیں۔ انوراگ کیشیاپ نے کہا کہ اب سے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں ان بےتکے لوگوں سے ملاقات کرنے کا معاوضہ وصول کروں گا۔
انہوں نے تحریر کیا کہ اگر کوئی مجھ سے 10 سے 15 منٹ کی ملاقات کرنا چاہتا ہے تو میں ایک لاکھ روپے لوں گا، آدھے گھنٹے کے دو لاکھ اور ایک گھنٹے کے پانچ لاکھ روپے لوں گا۔
انوراگ کا کہنا تھا کہ میں لوگوں سے ملاقاتیں کر کرے تھک گیا ہوں، اگر آپ واقعی میرا معاوضہ برداشت کرسکتے ہیں تو کال کریں، ورنہ دور رہیں۔