صوبے میں پانی کی کمی پر وفاق سے اختلاف ہے: وزیرِ آبپاشی سندھ


کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ کے وزیرِ آبپاشی جام خان شورو کا کہنا ہے کہ سندھ میں پانی کی کمی پر وفاق سے اختلاف ہے۔کراچی سے وزیرِ آبپاشی سندھ نے صوبے کو پانی کی فراہمی سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نارا اور روہڑی کینال کو 7 ہزار 200 کیوسک پانی مل رہا ہے، سندھ میں فصلوں کی پیداوار کے لیے پانی کی کمی نہ کی جائے۔وزیرِ آبپاشی سندھ نے کہا ہے کہ سندھ کی دیگر کینالوں میں 70 فیصد تک پانی کی کمی ہے، روٹیشن پروگرام کے تحت فصلوں اور پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایل بی او ڈی، ڈھورو پران، ہاکڑو ڈرین سے بارش کا پانی نکالنے کی الگ اسکیم بنا رہے ہیں، اسکیم کے تحت آر ڈی 210 پر بڑا گیٹ لگایا جائے گا۔
وزیرِ آبپاشی سندھ جام خان شورو کا یہ بھی کہنا ہے کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے ایل بی او ڈی، ڈھورو پران، ہاکڑو ڈرین کی رپورٹ مانگی ہے، ڈی سی میر پور خاص ڈھورو اور پران نالوں سے تجاوزات ہٹانے پر کام کریں۔