آٹو اسپیئر پارٹس کی آڑ میں چھالیہ گٹکا سپاری اسمگلنگ کی کوشش ناکام
لاہور(قدرت روزنامہ)آٹو اسپیر پارٹس کی آڑ میں چھالیہ گٹکا سپاری اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
پاکستان ریلوے پولیس نے ایک کارروائی کے دوران آٹو اسپیر پارٹس کے نام پر بھاری مقدار میں لاکھوں روپے مالیت کی مضر صحت چھالیہ، گٹکا اور سپاری لاہور سے حیدر آباد اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا۔
ریلوے اسٹیشن پر سامان بکنگ کاؤنٹر پر حیدر آباد کے لیے سامان بک کرایا گیا ، اس حوالے سے بتایا گیا تھا کہ اس میں مختلف نوعیت کے آٹو اسپئیر پارٹس ہیں، جن کی بکنگ بھی ہوگئی ہے۔
ریلوے پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 16 بوروں میں 720 کلو گٹکا، سپاری اور چھالیہ برمد کرکے ایف آئی آر درج کرلی۔ ریلوے تھانہ ایس ایچ او رمضان حیدر کے مطابق اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ ملزمان کو جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔