خضدار میں پری پول دھاندلی کیخلاف اختر مینگل اور مخالف گروپ کے دھرنے


خضدار (قدرت روزنامہ)خضدار میں بی این پی اور جھالاون گروپ نے ضمنی انتخابات میں ممکنہ دھاندلی کیخلاف الگ الگ دھرنے شروع کر دیئے ہیں۔ بی این پی کے دھرنے کی قیادت اختر مینگل کر رہے ہیں۔
خضدار میں جانبدار انتخابی عملہ لگانے پر سردار اختر مینگل کی جانب سے دھرنا دیا گیا ہے۔سردار اختر مینگل خود دھرنے کی قیادت کررہے ہیں خواتین کی بھی کثیر تعداد دھرنے میں موجود ہے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کا دھرنا ڈی سی آفس کے سامنے جاری ہے ۔ متعدد سڑکیں بلاک ہیں۔

سردار اختر مینگل کا موقف ہے کہ 21 اپریل کو پی بی 20 وڈھ میں ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا پلان بنایا گیا ہے اور مخالف امیدوار کے حمایتی پیرائذڈنگ آفیسرز تعینات کیئے گئے ہیں ۔ جو دھاندلی کرسکتے ہیں ۔ لہذا اس جانبدار انتخابی عملے کو تبدیل کردیا جائے ۔دھرنا جمعہ کو شروع ہوا جو رات گئے تک جاری تھا اور مذاکرات کے لئے کوئی نہیں آیا تھا۔
دوسری جانب خضدار میں پری پول دھاندلی کیخلاف اختر مینگل اور مخالف گروپ میر شفیق الرحمان مینگل کے کارکنوں کا دھرنا بھی جاری ہے۔آذاد امیدوار جھالاوان عوامی پینل کے رہنماء میر شفیق الرحمان مینگل کے حمایتیوں نے زیروپوائنٹ خضدار سے کوئٹہ کراچی شاہراہ بلاک کردیا ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ مخالف امیدوار کے لئے آسانیاں پیدا کیئے جارہے ہیں اور مرضی کے پولنگ آفیسرز تعینات کردیئے گئے ہیں اور قبل از وقت دھاندلی کی کوشش کی جارہی ہے جس کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں جب تک جانبدار انتخابی عملے میں تبدیلی نہیں لائی جاتی ہے دھرنا جاری رہیگا۔