مریم اورنگزیب پر کرپشن کا الزام، پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروائی گئی ہے، جس میں لکھا گیا کہ پنجاب کی سینئر منسٹر مریم اورنگزیب نے کرپشن کی انتہا کرتے ہوئے نگہبان رمضان پیکج میں بے ضابطگیاں کی ہیں .
تحریک انصاف کی جانب سے جمع کروائی گئی تحریک التوا میں لکھا گیا کہ نگہبان رمضان پیکج اور دیگر اشہتارات کی مد میں ڈی جی پی آر کے قواعد و ضوابط کو پس پست ڈال کر 150 ملین کی رقم پسندیدہ کمپنی کو عید سے قبل ادا کرنے کا حکم دیا گیا .


جس وقت چینل 7 گروپ کے چوہدری جواد ہمایوں نے ڈی جی پی آر میں اشتہارات کی رقم کی ادائیگی کے لیے رابطہ کیا، تب یہ بات ڈی جی پی آر اور سیکرٹری انفارمیشن کے علم میں آئی . انہوں نے یہ رقم خلاف ضابطہ ادا کرنے سے انکار کردیا .
جس کے بعد سینئر منسٹر مریم اورنگرزیب نے ڈی جی پی آر روبینہ خان اور سیکرٹری انفارمیشن دانیال گیلانی کو سخت نتائج کی دھمکیاں دیں، احکامات نہ ماننے کی پاداش میں دونوں کوعہدے سے ہٹا دیا گیا .
اس تحریک التوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی احمر بھٹی نے اسپیکر سے استدعا کی ہے کہ میری اس تحریک کو باضابطہ قرار دے کر ایوان میں لانے کی اجازات دی جائے .
پی ٹی آئی کے ایم پی اے احمر بھٹی کے مطابق اس تحریک کو ایوان میں لاکر پوچھا جائے کہ کیا پنجاب کی سینئر منسٹر مریم اورنگرزیب نے ایسا کیا ہے، اسپیکر کو اس پر جواب طلب کرنا چاہیے . اس کے علاوہ باقی محکموں کو بھی کرپشن کی اس کہانی کی چھان بین کرنی چاہیے .
پنجاب حکومت کا موقف
 پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ یہ خبر من گھڑت ہے اس میں کوئی صداقت نہیں ہے، ڈیجیٹل کیمپئن پورے قواعد و ضبواط کے ساتھ کی گئی ہے، کم ازکم میرے ہوتے ہوئے یہاں پر کرپشن نہیں ہوسکتی .
’میں ہر چیز پر نظر رکھتی ہوں میرے سامنے ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی، جن 2 افسران کی آپ بات کر رہے ہیں یہ ماتحت ہیں اور ان دونوں نے میرے ساتھ ایسی کسی بات کا ذکر نہیں کیا‘ .
انہوں نے کہا کہ ان افسران کے تقرر و تبادلے روٹین کا کام ہے، یہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے دور کے لگائے گئے افسران تھے اب پنجاب میں ہماری حکومت ہے ہم اپنی ٹیم بنا رہے ہیں، اس میں اچنبے والی کیا بات ہے، میری منسٹری میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی اور نہ کسی نے کوئی کمیشن لیا ہے .
مریم اورنگزیب کا موقف؟
 اس ساری اسٹوری کے حوالے سے جاننے کے لیے رابط کیا گیا تو انکی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا، کرپشن کی اس اسٹوری پر جمع تحریک التوا پر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا، سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو اسٹوری بھی بجھوائی گئی تھی کہ اس پر آپکا کیا ردعمل ہے مگر انکا جواب نہیں آیا .
جبکہ سابق سیکرٹری انفارمیشن دانیال گیلانی نے بتایا کہ انہیں اور روبینہ خان ڈی جی پی آر کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے .

. .

متعلقہ خبریں