حکومت سندھ کا ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شائع کرانے کا فیصلہ


کراچی(قدرت روزنامہ)حکومتِ سندھ نے ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شائع کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کے سیکرٹری سلیم راجپوت، ڈی جی اورنگزیب پنہور، ڈائریکٹرز اور دیگر افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ٹیکس چور ملکی خوشحالی کے دشمن ہیں، ان کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا۔ ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شائع کرائے جائیں گے، اس کے علاوہ ان کے اکاؤنٹ فریز کرنے کے لیے بھی اقدامات کریں گے۔
سندھ کے سینئر وزیر نے صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو سراہتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی تعریف کی اور کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ منشیات فروش ملک و قوم کے مستقبل کے دشمن ہیں، ان کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ شرجیل میمن نے ہدایت کی کہ زیرو ٹالرنس پالیسی کی تحت صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ منشیات فروشوں اور ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائیوں کے لیے پولیس کے قابل افسران اور جوانوں کو ڈیپوٹیشن پر محکمہ ایکسائز میں لایا جائے گا۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی طور کراچی اور حیدرآباد میں پولیس افسران ڈیپوٹیشن پر محکمہ ایکسائز میں لائے جائیں گے۔ منشیات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنی ہیں، اس سلسلے میں متعلقہ ادارے ہمہ وقت تعاون کریں گے۔ منشیات فروشوں کی پراسیکیوشن اور انویسٹی گیشن مضبوط کی جائے گی۔
اجلاس میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران اور مخبروں کو انعامات دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور منتقلی بائیومیٹرک کے تحت کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی۔ اجلاس میں محکمہ ایکسائز سے متعلقہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی شکایات کے ازالے کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔