مریم نواز سے متعلق متنازع بیان پر علی امین گنڈا پور کو ایک بار پھر تنقید کا سامنا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متعلق ایک بار پھر متنازع بیان دینے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو تنقید کا سامنا ہے، مریم نواز سے متعلق متنازع گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک صحافی نے علی امین گنڈا پور سے سوال پوچھا کہ ’وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب پولیس کی یونیفارم پہنی ہے تو کیا آپ بھی پختونخوا پولیس کی یونیفارم پہنیں گے؟‘
جس پر علی امین گنڈا پور پہلے خاموش رہے اور پھر مسکرائے اور پھر انہوں نے کہا کہ ’وہ تو اور بھی بہت کچھ کرتی ہوں گی، پھر کل آپ پوچھیں گے کہ آپ بھی وہ کریں گے‘۔
جس پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت وہاں موجود صحافی ہنس پڑے۔
یہ پہلی بار نہیں کہ علی امین گنڈا پور نے مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بنایا ہو اس سے قبل بھی وہ کئی بار اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے رہے ہیں اور اسی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیراعلیٰ پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز پنجاب کی ٹک ٹاکر وزیر اعلیٰ ہیں، ان کی کارکردگی ٹک ٹاک کے لیے ہوتی ہے، مریم نواز عوام کی خدمت کریں ٹک ٹاکر نہ بنیں۔
یہی نہیں بلکہ علی امین نے ایک بار تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز نے ہمارے پیسوں پر آٹھ کروڑ کی سرجری کرائی، سرجری اتار کر اصل چہرہ قوم کے سامنے لے آؤں گا۔
علی امین گنڈا پور کو تنقید کا سامنا

علی امین گنڈا پور کی مریم نواز سے متعلق حالیہ وائرل ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کررہی ہے جس پر صارفین کا الزام ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ’ذو معنی‘ گفتگو کی ہے۔
صحافی منصور علی نے علی امین گنڈا پور کے متنازع بیان پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پختونخوا پہلی بار خواتین سے متعلق نفرت انگیز بیان نہیں دے رہے بلکہ وہ ماضی میں بھی ایسا کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علی امین ماضی میں مریم نواز کے میک اپ کے حوالے سے بھی متنازع بیان دے چکے ہیں جو انہیں نہیں کرنی چاہیے، شاید ان کی ذہنی کیفیت ہی ایسی ہے کہ وہ ایسے بیانات دیتے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسا بدتمیز اور بے لگام علی امین گنڈاپور کا لیڈر ہے، ویسے ہی وہ خود ہیں۔
انہوں نے علی امین گنڈاپور کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ علی امین گنڈاپور جیسے لوگ معاشرے میں عورت کی ترقی اور خوش حالی کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور ایک شرپسند اور شدت پسند ذہنیت کا مالک ہے اور مریم نواز سے متعلق پہلے بھی زبان درازی کر چکا ہے۔
صحافی طارق متین نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کا مریم نواز شریف سے متعلق بیان بلا جواز اور اخلاق سے گرا ہوا ہے، ان کو یہ بیان کم از کم واپس لینا چاہیے۔
ادریس عباسی نامی سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب یا دیگر خواتین سے متعلق نفرت انگیز بیان دے رہے ہیں، آپ مریم نواز کو پسند کریں یا نہ کریں کسی کو بھی ان پر اس طرح کی متنازع گفتگو نہیں کرنی چاہیے۔
سلیمی نامی صارف نے کہا کہ اس طرح کے ریمارکس کو فروغ نہیں دینا چاہیے، علی امین گنڈا پور کو مریم نواز سے متعلق گفتگو کرنے کے بجائے خیبرپختونخوا کی ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔