بلوچستان کا مسئلہ سیاسی لوگوں اور سیاسی مذاکرات کے ذریعے حل ہو گا: اختر مینگل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے کہا ہے کہ پاکستان کی ساری جماعتیں بنیادی طور پر قوم پرست جماعتیں ہیں۔
لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب میں اخترمینگل نے کہا کہ ن لیگ ’جاگ پنجابی جاگ‘ کا نعرہ لگانے والی پنجاب کی قوم پرست جماعت ہے، پیپلزپارٹی بار بار مقامی غیر مقامی اور ڈومیسائل کی بات کرنے والی سندھی قوم پرست جماعت ہے، جس طرح کا بیان علی امین گنڈاپور نے دیا ہے اس سے پی ٹی آئی بھی قوم پرست جماعت بن گئی ہے۔
اخترمینگل کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی لوگوں اور سیاسی مذاکرات کے ذریعے حل ہو گا، غیر متنازع اور جرات مند لوگ بلوچستان کا مسئلہ حل کرائیں۔
عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا بلوچستان کی سیاست میں وہاں کے قوم پرست اسٹیک ہولڈر ہیں تمام زیادتیوں کے باوجود ہمیں سیاسی ڈائیلاگ کی طرف آنا چاہیے،سب کو اپنے اپنے موقف میں نرمی لانی چاہیے۔
رہنما پیپلزپارٹی فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے ہماری ریاست کیلئے سیاسی ڈائیلاگ بے حد ضروری ہے، ملکی مسائل کے حل کا واحد راستہ ڈائیلاگ ہے، سیاسی لوگوں کو آپس میں بات چیت کرناہوگی۔
عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں صنفی برابری اور افغانستان کے موضوع سمیت دیگر موضوعات پر بھی سیشن منعقد کیے گئے۔