لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی رہنما مہربانو قریشی اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی نجی ٹی وی ’ہم نیوز‘ کے پروگرام ’ہم دیکھیں گے منصور علی خان کے ساتھ‘ میں بحث کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہو گئی .
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پروگرام میں گفتگو کے دوران مہربانو قریشی کے ہنسنے پر عظمیٰ بخاری غصے میں آ گئیں اور ان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا’ آپ کے لیے پورا ملک لطیفہ ہے، یہ کوئی طریقہ نہیں ہے، تھوڑی سی اخلاقیات ہونی چاہییں .
جو بندہ پی ٹی آئی میں جاتا ہے اس کے اندر سے اخلاقیات کیوں ختم ہو جاتی ہیں، آپ میری توہین کر رہی ہیں . ‘
مہربانو قریشی نے عظمیٰ بخاری کو جواب دیتے ہوئے کہا’ آپ کی گفتگو لطیفے سے کم نہیں ہے . احتجاج، جمہوریت اور اظہار رائے پر پابندی ہے اور اگر مشکل حالات میں ہنس لیں تو کیا اس پر بھی پابندی ہے . ‘ عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا’ اب جب آپ بات کریں گی تو میں رونے لگ جاؤں گی . جس پر اینکر منصورعلی خان نے کہا:’ مہربانو قریشی! آپ نے ہنسنا نہیں ہے اور عظمیٰ بخاری! آپ نے رونا نہیں ہے . ‘
اس دلچسپ ویڈیو کلپ پر صارفین کی جانب سے مختلف قسم کے تبصرے کیے جا رہے ہیں . ایک صارف نے لکھا کہ عظمیٰ بخاری جس بات پر مہر بانو کو اخلاقیات کا درس دے رہی تھیں، 5 منٹ بعد خود وہی حرکت کرتی نظر آئیں .
میر باقر شاہ نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ کے پاس کہنے کے لیے کچھ نہیں ہوتا تو آپ ایسی حرکتیں ہی کرتے ہیں .
شہناز نامی صارف نے میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا کے پاس لفظی طور پر یہی رہ گیا ہے، پورے شو میں صرف اس بات پر بحث کی گئی ہے کہ پروگرام میں آپ کو مسکرانے یا ہنسنے کی اجازت ہے .
ایک ایکس صارف نے اینکر منصورعلی خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’مہربانو! آپ نے ہنسنا نہیں اور عظمیٰ ! آپ نے رونا نہیں ہے‘ یہ کہتے ہوئے انہوں نے کچھ بھی نہیں کہا اور سب کہہ بھی گئے ہیں .