ٹی20 ورلڈکپ؛ سابق کپتان کا بابراعظم، رضوان کو اہم مشورہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی ٹیم کو ٹی20 ورلڈکپ جتوانے والے سابق کپتان یونس خان نے ٹاپ آرڈر میں بابراعظم اور محمد رضوان کو درمیانی اوورز میں تیز کھیلنے کا مشورہ دیدیا۔
کراچی کے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان یونس خان نے کہا کہ پاور پلے کے بعد درمیانی اوورز قومی ٹیم کے موجودہ کپتان بابراعظم اور سینئر بیٹر محمد رضوان کو 8 سے 9 رنز فی اوور کے رن ریٹ کو برقرار رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ٹیم 200 رنز بناتی ہے تو وہ میچ بچانے کی پوزیشن میں ہوگی، 170 یا اس سے کم رنز کا اسکور بالرز کو ڈیفنڈ کرنے میں پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘بابراعظم، فخر زمان، اور رضوان کو جارحانہ کھیل کی طرف آنا پڑے گا، آج کل تیز رفتاری سے زیادہ رنز بنائے جا سکتے ہیں، یہ کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کیا انداز اپناتے ہیں’۔
سابق کپتان نے کہا کہ بلےبازوں کو نمبرز کے بجائے کسی بھی پوزیشنز پر بیٹنگ کرنا آنی چاہیے تاکہ مشکل وقت میں ٹیم کو سہارا دے سکیں۔ بابر کو کچھ نیا کرنے کی ضرورت ہے انہیں کمفرٹ رون سے باہر آنا ہوگا۔
یونس خان نے مزید کہا کہ ٹیم کا مطلب ہی تمام کھلاڑیوں کی پرفارمنس ہے، کسی ایک پر بوجھ نہیں چھوڑنا چاہیے۔
واضح رہےکہ قومی ٹیم آئرلینڈ کیخلاف میچ سے یورپ کے دورے کا آغاز کرے گی، بعدازاں انگلینڈ اور پھر ٹی20 ورلڈکپ کیلئے روانہ ہوگی۔