نادیہ خان نے غلطی کا احساس ہونے کے باوجود شادی 10 سال کیوں نبھائی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ہمارے معاشرے کا ایک المیہ یہ بھی ہے کہ یہاں کچھ شادیوں کے بعد خواتین روز اول سے ہی جان جاتی ہیں کہ ان کی شادی غلط جگہ ہوچکی ہے لیکن پھر بھی وہ اپنی تربیت، مزاج اور والدین کی عزت کا خیال کرکے اس رشتے کو نبھانے کی کوشش کرتی رہتی ہیں۔
یہ عام خواتین ہی نہیں بلکہ سیلیبرٹیز کے ساتھ بھی ہوتا ہے اور لوگوں میں بظاہر دبنگ اور سمجھدار دکھائی دینے والی معروف خواتین بھی اندر سے کچھ عام پاکستانی خاتون کی طرح نرم طبع اور صابر ہوتی ہیں اور وقت ہوتا ہے کہ ہاتھ سے نکلتا ہی چلا جاتا ہے۔
ایسا ہی کچھ ایک بہت ہی کامیاب و ہردلعزیز ٹی وی اینکر اور اداکارہ نادیہ خان کے ساتھ بھی ہوا۔ انہوں نے اپنی پہلی شادی میں بہت کچھ جھیلا لیکن اپنے جیون ساتھی کو موقعے پر موقع دیتی رہیں۔
کچھ زیادہ پرانی بات نہیں جب نادیہ خان پاکستانی مارننگ شوز پر راج کرتی تھیں اور ان پروگرامز میں نئے رجحانات بھی لے کر آئیں۔
نادیہ خان آج کل اداکاری کی طرف مائل ہو گئی ہیں اور وہ گزشتہ کچھ عرصے سے مزید ڈراموں میں کام کر رہی ہیں تاہم ان کی ترجیح اب بھی شوز کی میزبانی ہی ہے۔
ان کا ایک یوٹیوب چینل بھی ہے جس پر وہ کبھی کبھار اپنی ذاتی زندگی سے پردے ہٹاکر ان تجربات کو دنیا کے ساتھ شیئر کرتی ہیں۔
نادیہ کی پہلی شادی سے 2 بچے ہیں۔ انہوں نے ایک شو میں بتایا کیا کہ وہ ایک محبت کی شادی تھی۔ ان کے پہلے شوہر نے دوسری ہی ملاقات میں انہیں پروپوز کیا اور وہ شادی کے لیے جھٹ مان گئیں۔
لیکن وہ ان کے لیے کوئی خوشگوار تجربہ ثابت نہیں ہوا تاہم وہ اپنے گزرے وقت کے دکھ زیادہ بیان بھی نہیں کرتیں۔

ایک حیرت انگیز پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اپنی رخصتی کے پہلے 10 منٹ میں ہی وہ یہ جان چکی تھیں کہ ان سے ایک بہت بڑی غلطی ہوچکی ہے اور ان کا شادی کا فیصلہ درست نہیں۔ لیکن چوں کہ وہ ایک بہت ہی قدامت پسند اور سخت گیر گھرانے سے تعلق رکھتی تھیں اس لیے انہوں نے سوچا کہ اس شادی کو کسی نہ کسی طرح نبھانے کی کوشش کی جائے۔
وہ 10 سال تک اس رشتے میں رہیں اور اس رشتے کو نبھانے کی سرتوڑ کوششیں جاری رکھیں مگر بے سود۔
ان برسوں میں نادیہ نے اپنے والدین کو یہ بھی نہیں بتایا کہ ان پر کیا کچھ گزر رہی ہے کیونکہ وہ اس رشتے سے دستبردار نہیں ہو سکتی تھیں۔
حقیقت بیان کرنے پر والد کا ردعمل
لیکن بالآخر جب انہوں نے 10 سال بعد ساری حقیقت اپنے والد کو بیان کی تو انہوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور اگلی ہی فلائٹ کے ذریعے انہیں گھر لے آئے۔
قدامت پسند ہونے کے باوجود اپنی اولاد کا دکھ سمجھ بیٹی کا ساتھ دینے والے والد نے البتہ نادیہ سے ایک شکایت ضرور کی کہ کیا وہ نہیں جانتی تھیں کہ اس گھر میں انہیں خوشدلی سے بلالیا جائے گا تو پھر انہوں نے اتنا عرصہ کیوں سہا؟

بہرحال وقت ایک سا نہں رہتا۔ اگلی شادی کے بعد اب نادیہ اللہ کے فضل وکرم سے اپنے شوہر سابق ونگ کمانڈر فیصل ممتاز راؤ کے ساتھ بیحد خوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فیصل ان کی بیحد عزت کرتے ہیں،خیال رکھتے ہیں،تعریف کرتے ہیں،وقت دیتے ہیں اور ایک ذمے دار شریک حیات ہیں۔
واضح رہے نادیہ خان کی پہلی 2 شادیاں طلاق پر ختم ہوئی تھیں، انہوں نے تیسری شادی جنوری 2021 میں کی تھی، ان کی ایک 20 سالہ بیٹی اور 14 سالہ بیٹا بھی ہے۔