گرمی ہماری شکلیں ہمارے شناختی کارڈ سے ملانے کی پوری کوشش کررہی ہے، عمران عباس


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خوبصورتی کے متعدد ایوارڈز اپنے نام کرنے والے پاکستانی خوبرو اداکار و ماڈل عمران عباس بڑھتی گرمی کے خوبصورتی پر مرتب ہونے والے اثرات سے پریشان ہونے لگے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے دن بہ دن بڑھتی ہوئی گرمی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار دلچسپ انداز میں کیا۔انہوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’گرمی ہماری شکلیں ہمارے شناختی کارڈ سے ملانے کی پوری کوشش کررہی ہے‘۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہنسنے والے اور طنز و مزاح کا اظہار کرنے والے ایموجیز کا بھی اضافہ کیا۔ اداکار کی مزاحیہ انسٹا اسٹوری کے اسکرین شارٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں، جس پر گرمی سے پریشان سوشل میڈیا صارفین بھی ان سے اتفاق کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 41 سالہ عمران عباس نے 1993 میں پاکستانی شوبز میں بطور چائلڈ فنکار شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔انہیں ماضی میں خوبصورت مردوں کی فہرست میں پاکستان سے مسلسل چار سال تک منتخب کیا جاتا رہا ہے۔
خیال رہے کہ ہر سال دنیا کے خوبصورت ترین افراد کی فہرست جاری کرنے والے ادارے ’ٹی سی کینڈلر‘ کی جانب سے پاکستان، بھارت، ترکی، ایران، افغانستان، امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا سمیت دنیا کے درجنوں ممالک سے اداکاروں، اسپورٹس شخصیات اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد کوشامل کیا جاتا ہے۔
انڈیپنڈنٹ کریٹک 1990ء سے دنیا کے پرکشش چہروں کی فہرست مرتب کرتا آرہا ہے۔ عمران عباس انڈیپنڈنٹ کریٹک کی اس فہرست میں مسلسل 4 بار شامل ہونے والے واحد پاکستانی ہیں۔