بلوچستان میں مسافر بس کھائی میں جاگری، خواتین و بچوں سمیت 28 جاں بحق


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) بلوچستان میں مسافر بس گہری کھائی میں گر جانے سے خواتین اور بچوں سمیت 28 افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق تربت سے کوئٹہ آنے والی مسافر کوچ واشک کے علاقے میں حادثے کا شکار ہوئی۔ بس گہری کھائی میں گرنے سے 28 افراد جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہو گئے، جن میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسافر بس کو حادثہ ٹائرپھٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور لاشوں و زخمیوں کو نکال کر سول اسپتال بسیمہ منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق حادثے میں 20 سے زیادہ افراد زخمی ہیں، جن میں سے بیشتر کی حالت تشویش ناک ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔