فوڈ اتھارٹی کی بلوچستان بھر میں کارروائیاں، ناقص اشیا پر متعدد کو جرمانے


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ شہر سمیت صوبہ بھر میں مضر صحت خوراک کی تیاری و فروخت کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں۔ اس ضمن میں اتھارٹی کی کارروائیوں کے دوران کوئٹہ میں 13 ، پسنی میں 2 ، قلعہ سیف اللہ میں 7 جبکہ ڈیرہ مراد جمالی میں 3 برف کارخانوں سمیت 5 خوراک کے مراکز و فیکٹریوں پر جرمانے عائد کیے گئے۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق سبزل روڈ کوئٹہ میں انسپیکشن ٹیم نے ایک ڈسٹریبیوشن ایجنسی سے جعلی و مضر صحت کولڈرنکس کی بڑی تعداد برآمد کی ، جعلی مشروبات ضبط کرکے ڈسٹریبیوٹر کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔ اسی طرح فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر مشرقی بائی پاس کوئٹہ میں3 نمکو و مصالحہ پراسیسینگ یونٹس کیخلاف جبکہ پرنس روڈ میں معروف ریسٹورنٹس سمیت 5 جبکہ جناح روڈ میں 2 ملک شاپس سمیت 4 مراکز کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ دودھ فروشوں کو دودھ میں ملاوٹ اور دکانوں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر جرمانہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈیرہ مراد جمالی میں بی ایف اے کی زونل ٹیم نے انسپیکشن کے دوران آلودہ پانی سے برف کی تیاری ، زنگ آلود برتنوں اور جراثیم زدہ واٹر اسٹوریج ٹینک سمیت مختلف وجوہات پر 3 کارخانہ مالکان پر بھاری جرمانے عائد کردئیے۔ مزید برآں بی ایف اے زونل ٹیموں نے پسنی ضلع گوادر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 ہوٹلوں جبکہ قلعہ سیف اللہ میں زائد المعیاد خوردنی مصنوعات کی فروخت پر 2 جنرل اسٹورز اور صفائی کی ابتر صورتحال کے علاوہ مختلف وجوہات پر 2 گوشت کی دکانوں و 3 ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کی۔ اتھارٹی کی کاروائیوں کے دوران مراکز سے برآمد شدہ جعلی کولڈرنکس و ناقص کھانے پینے کی اشیاءکی بڑی مقدار ضبط کرلی گئی۔