بانی پی ٹی آئی کے زہریلے آرٹیکلز باہر کے اخبارات میں کیوں چھپ جاتے ہیں، عظمیٰ بخاری


لاہور (قدرت روزنامہ)وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے زہریلے آرٹیکلز باہر کے اخبارات میں کیوں چھپ جاتے ہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج بھی ملک کی فوج اور چیف جسٹس کے خلاف محاذ بنایا گیا، نوجوانوں کے دلوں میں نفرت پیدا کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی سمیت بانی پی ٹی آئی یہ سب کیوں کر رہے ہیں، اس پر کمیشن بنایا جائے، کمیشن اس بات پر بننا چاہیے بانی پی ٹی آئی ملک دشمنی کیوں کر رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی فتنہ ہیں، سیاست پر اثر پڑ رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کو این آر او دیا جائے تو سارا انقلاب ختم ہو جائے گا، ان کا ایک اور 9 مئی جیسا پلان ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ آپ اس ملک میں فساد کروانا چاہتے ہیں، عوام کو اب سمجھنا ہوگا پی ٹی آئی کیسے ملک کے خلاف سازش کر رہی ہے، ملک کے عوام نے بانی پی ٹی آئی کو بہت عزت دی، انقلابیوں سے کہتی ہوں کہ ڈرامہ بازی بند کر دیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس مہینے پیٹرول کی قیمت میں 20 سے 21 روپے کمی آئی ہے، حکومت آٹے اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بہت کمی لائی ہے، پیاز، ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی کمی لائی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈبل روٹی کی قیمت میں بھی کمی کی ہے، وزیرِ اعلیٰ پنجاب دن رات عوام تک ریلیف پہنچانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔