لاپتہ اور پہاڑوں پر جانے والے افراد ایک ہیں، چمن کے عوام سازشی عناصر سے دور رہیں، ضیاء لانگو
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر داخلہ بلوچستان ضیااللہ لانگو نے کہا ہے کہ چمن کے لوگ سازشی عناصر سے دور رہیں، کچھ عناصر اشتعال پیدا کرنا چاہتے ہیں۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 8 ماہ پہلے نگراں حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ چمن بارڈر سے آمدورفت پاسپورٹ کے ذریعے ہوگی۔انہوں نے کہاکہ چمن باڈر سے مشتبہ افراد کی آمدورفت کے ثبوت پیش کیے گئے ہیں، یہ ملکی سلامتی کا معاملہ ہے۔وزیر داخلہ نے کہاکہ چمن کے لوگ ہمارے ہیں اور ان کے مسائل بھی ہم نے دیکھنے ہیں، ذاتی کو ملکی مفادات سے بالاتر نہ سمجھا جائے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتیں حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے بجائے لوگوں میں اشتعال پیدا کرتی ہیں۔وزیر داخلہ نے کہاکہ چمن کے لوگ اپنے مسائل سیاسی طور پر حل کریں، کچھ لوگ ڈپٹی کمشنر آفس پر حملہ آور ہوئے، آج بھی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ چمن میں پھتراؤ کیا گیا جس سے سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جلاؤ گھیراؤ کے دوران بچے کے جاں بحق ہونے پر دکھ ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے کی جانے والی باتیں سمجھ سے بالاتر ہیں،کہا جاتا ہے کہ 6000سےزائد افراد لاپتہ ہیں، لیکن جب کمیشن میں لاپتہ افراد کے حوالے سے لسٹ دی گئی تو اس میں زیادہ تر افراد کے ناموں علاوہ کوئی تفصیل نہیں دی گئی۔بتایا جائے کے پہاڑوں پر جانے والے افراد جو مختلف پرتشدد کارروائیوں میں ملوث ہیں ، یہ آسمان سے اترے لوگ تو نہیں ، یہ یہی لوگ ہیں جولڑتے ہیں ، ان میں سے کچھ مر جاتے ہیں ، اور کچھ لاپتہ ہو جاتے ہیں ،اوران سب کا ملبہ حکومت پر ڈال دیا جاتا ہے ۔