بالی ووڈ اداکارہ نور مالابیکا داس کی مبینہ خود کشی، خاندان والے کیا کہتے ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ ماڈل و اداکارہ نور مالابیکا داس کی مبینہ خود کشی کے بعد ان کے خاندان کا پہلا بیان سامنے آگیا ہے۔
اداکارہ کی پھوپھی آرتی داس نے بتایا ہے کہ اداکارہ کی خواہشات بہت زیادہ تھیں لیکن کیریئر میں اہم چیلنجز کا سامنا تھا جس کی وجہ سے ہوسکتا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی کے خاتمے کا انتہائی اقدام اٹھایا ہو۔
دوسری جانب اداکارہ کی خالہ نے میڈیا کو بتایا کہ نور مالابیکا داس بڑی امیدوں کے ساتھ ممبئی گئی تھی اور آگے بڑھنے کے لیے سخت محنت کررہی تھی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اداکارہ اپنی کامیابیوں سے مطمئن نہیں تھی جس کی وجہ سے اسے یہ انتہائی اقدام اٹھانا پڑا۔
واضح رہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول کے ساتھ نیٹ فلکس سیریز ’دی ٹرائل‘ میں جلوہ گر ہونے والی اداکارہ و ماڈل نور ملابیکا داس کی گزشتہ دنوں ممبئی کے ایک فلیٹ سے لاش برآمد ہوئی تھی۔
بھارتی میڈیا نے بتایا تھا کہ نور ملابیکا داس کے فلیٹ سے بدبو آنے پر ان کے پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی، اور پولیس کے وہاں پہنچنے پر معلوم ہوا کہ اداکارہ کمرے میں مردہ حالت میں پڑی ہوئی ہیں۔
پولیس کو شبہ ہے کہ اداکارہ نے اپنی زندگی کے خاتمے کے لیے خود کشی کی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے گھر سے ادویات اور موبائل فون سمیت متعدد اشیا کے نمونے اکٹھے کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب یہ بھی واضح رہے کہ اداکارہ کے فلیٹ سے کوئی ایسا خط یا نوٹ برآمد نہیں ہوا جس میں انہوں نے مبینہ خودکشی سے قبل کوئی پیغام دیا ہو۔