اتھارٹی کے کمپلین سیل کو مزید فعال اور آسان بنایا جائے‘ حاجی نور محمد دمڑ


صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے حاجی نور محمد دمڑ کی زیر صدارت بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بورڈ) کا دسواں اجلاس
کوئٹہ(قدرت روزنامہ) صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے حاجی نور محمد دمڑ کی زیر صدارت بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بورڈ) کا دسواں اجلاس منعقد ہوا ۔ بی ایف اے ہیڈ آفس (کوئٹہ) میں منعقدہ اجلاس میں سیکٹری خوراک اصغر حریفال ، ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی عتیق اللہ خان کے علاوہ انجمن تاجران و چیمبر آف کامرس کے نمائندوں اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اتھارٹی کے مختلف مالی امور ، خالی آسامیوں پر تقرری ، ہیومن ریسورس میں اضافے ، نئی عارضی آسامیوں کی تخلیق اور موجودہ فوڈ سیفٹی آفیسرز ، لیب ٹیکنالوجسٹ اور فوڈ سیفٹی سپر وائزرز کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی ۔ صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر و مؤثر بنانے اور ضلعی سطح پر انسپیکشن ٹیموں کو مکمل طور پر فعال بنانے کیلئے اصلاحاتی عمل و ضروری اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔
اس ضمن میں دستیاب وسائل کو بہترین طریقے سے بروئے کار لا کر مربوط حکمت عملی کے تحت صوبہ بھر کے تمام علاقوں کی عوام تک صحت بخش و محفوظ خوراک کی فراہمی کا مشن بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گا، اس مقصد کے حصول اور اتھارٹی کی سرگرمیوں کو وسعت دینے کیلئے ضلعی سطح پر ہیومن ریسورس کی کمی کو دور کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کو ہدایت کی کہ ناقص خوراک سے متعلق صارفین کی شکایات کے اندارج کیلئے اتھارٹی کے کمپلین سیل کو مزید فعال اور آسان بنایا جائے اور ساتھ ہی کاروباری حضرات کیلئے بھی کوئی نظام ترتیب دیا جائے جس کے تحت وہ اپنے تحفظات اعلیٰ حکام تک بہم پہنچا سکیں ۔ انہوں نے اتھارٹی کے گزشتہ اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ فوڈ سیفٹی کلچر کے فروغ کیلئے ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔
اتھارٹی حکام ناقص خوراک کی فراہمی پر چھوٹے بڑے مراکز کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں کرے خصوصاً بڑے یونٹس اور اشیاء خوردونوش کے کارخانوں کی انسپیکشن کیلئے مزید مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے ۔ صوبائی و چیئرمین بی ایف اے کا کہنا تھا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا مقصد مینوفیکچررز، فوڈ بزنس آپریٹرز، صارفین، سرکاری محکموں، متعلقہ اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ناقص خوراک کا خاتمہ و پوری فوڈ چین میں فوڈ سیفٹی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانا ہے۔