’پی ڈبلیو ڈی‘ کی فوری تحلیل کی ہدایت، معاشی حالات نقصان پہنچانے والے اداروں کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتے، وزیراعظم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے فی الفور پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی )کی تحلیل کا عمل شروع کرنے اوراس عمل کے دوران ملازمین کے مفادات کا تحفظ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری منصوبوں کو متعلقہ وفاقی و صوبائی ادروں سے مکمل کروایا جائے گا، سرکاری تعمیر و مرمت کے لیے بین الاقوامی معیار کی نجی کمپنیوں کی خدمات لی جائیں گی۔
ہفتہ کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی ) کی تحلیل اور اس کے متبادل کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا،اجلاس میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، ریاض حسین پیرزادہ، احسن اقبال، احد خان چیمہ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم کو پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کے حوالے سے لائحہ عمل اور اس کے متبادل کے حوالے سے کمیٹی کی سفارشات پیش کی گئیں۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ فی الفور پی ڈبلیو دی کی تحلیل کا عمل شروع کیا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تحلیل کے عمل کے دوران ملازمین کے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری منصوبوں کو متعلقہ وفاقی و صوبائی ادروں سے مکمل کروایا جائے گا،سرکاری تعمیر و مرمت کیلئے بین الاقوامی معیار کی نجی کمپنیوں کی خدمات لی جائیں گی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پی ڈبلیو ڈی کے اثاثہ جات کے انتظام کے لیے ایک ایسٹ مینجمنٹ کمپنی تشکیل دی جائے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پی ڈبلیو ڈی کے اثاثہ جات کے ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹائیز کیا جائے،پاکستان کے معاشی حالات ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اداروں کا مزید بوجھ برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے،اس حوالے سے جاری عمل کی نگرانی میں بذات خود کروں گا۔

اجلاس کو پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل، جاری منصوبوں پر عملدرآمد، پی ڈبلیو ڈی کے متبادل اور تعمیر و مرمت کیلئے نجی شعبے کی کمپنیوں کی خدمات کے حصول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری منصوبوں کو متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں سے مکمل کروایا جائے گا، جبکہ پی ڈبلیو ڈی کو کسی قسم کا نیا منصوبہ نہیں دیا جائے گا۔ تعمیر و مرمت کا کام بین الاقوامی معیار کی نجی کمپنیوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔ اجلاس میں پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

وزیرِ اعظم نے اس حوا لہ سے ملازمین کے مفاد کا تحفظ کرتے ہوئے ایک قابل عمل اور جامع لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو جلد اس عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس عمل کی خود نگرانی کریں گے۔