گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اولڈ ٹاﺅن بحالی منصوبے پر کام کا آغاز


گوادر(قدرت روزنامہ)ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہی میں اولڈ ٹاﺅن بحالی منصوبے سے متعلق اجلاس، جی ڈی اے شہر کے مختلف حصوں میں تقریبا 24 کلومیٹر سڑکوں، تعلیمی اداروں، قبرستان، کھیل کے میدانوں، عیدگاہ، قدیم ثقافتی ورثہ سمیت ڈرین و سیوریج لائنز کی تعمیر و توسیع اور بحالی پر کام کررہی ہے۔ اولڈ ٹاون بحالی منصوبے پر مکمل عملدرآمد سے شہر میں ایک واضح تبدیلی نظر آئے گی۔ حاجی سید محمد تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی حاجی سید محمد کے زیرِ صدارت اولڈ ٹاﺅن بحالی منصوبے سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں اولڈ بحالی منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ اولڈ ٹاﺅن بحالی منصوبے کے تحت شہر کی تعمیر و ترقی خاص طور پر شعبہ تعلیم، سڑکوں کی کشادگی، شہر میں بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے ساتھ شہریوں کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور نوجوانوں کیلئے کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا ترجیحات ہیں۔ پرانی آبادی کی بحالی کیلئے نئے ترقیاتی منصوبہ جات تشکیل دیئے ہیں۔ متعدد منصوبوں پر کام کا آغاز ہوچکاہے اور باقی ماندہ منصوبے شروع ہوں گے تو شہر میں ایک واضح تبدیلی نظر آئے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اولڈ ٹاﺅن بحالی منصوبے کے تحت شہر کے مختلف حصوں میں جی ڈی اے تقریبا 24 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و توسیع پر کام کریگی جس سے شہر کا انفراسٹرکچر بہتر ہوگا۔ جس میں دیمی زر روڑ بشمول لنک روڑز اور استاد عبد المجید گوادری روڑ پر تقریبا کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ بی اینڈ آر آفس تا سید ظہور شاہ ھاشمی روڑ ایئرپورٹ روڑ براستہ سول ہسپتال ، شاہین چوک اور بی اینڈ آر آفس تا آر سی ڈی کونسل پر کام جلد شروع کیا جائیگا۔ جبکہ اگلے فیز میں میرین ڈرائیو تا عسکری بنک، استاد عبد المجید گوادری روڑ تا شاہین چوک، شاہین چوک تا ملا فاضل چوک براستہ جنت بازار، جنت بازار تا بلدیہ آفس، بلدیہ آفس تا ملا فاضل چوک، نیشنل اسپتال تا شاہی بازار، گلگ تا سورگ دل گرانڈ، گلگ تا جیل خانہ سمیت دیگر مختلف روڑز کی تعمیر و توسیع و بحالی شامل ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اولڈ ٹاﺅن بحالی منصوبے کے تحت شہر کے دو قدیم و اہم تعلیمی اداروں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول، گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول، قبرستان، سورگ دل گرانڈ، ینگ جان فٹسال گرانڈ، عید گاہ، قدیم ثقافتی ورثہ کی تعمیر و تحفظ سمیت سیوریج و ڈرین لائن کے منصوبے شامل ہیں۔ جس پر کام تیزی کے ساتھ جاری ہے اور تمام منصوبوں پر کام کی معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جارہے ہیں اور تاخیر کے شکار منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ چیک اینڈ بیلنس کا ایک باقاعدہ نظام متعارف کیا گیا ہے اجلاس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر میر دودا خان مری، سپرنٹینڈنٹ انجنیئرز روڑز نادر بلوچ، ایگزیکٹو انجینئر ہیریٹیج قاضی کاشف اور دیگر نے شرکت کی۔