بلوچستان

گیلامن وزیر پر قاتلانہ حملے میں جام شہادت ، پشتونخواملی عوامی پارٹی كي شديد الفاظ ميں مذمت


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں گیلامن وزیر پر چند دن پہلے قاتلانہ حملہ جس کے نتیجے میں اس نے جام شہادت نوش کیا ہے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔اور حکومت کی جانب سے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیاہے کہ گیلامن وزیر نے انتہائی کم عمری میں اپنی موثر شاعری سے پشتون قومی شعور کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کیا اور ان کی قومی سیاسی خدمات پر پشتونخوامیپ انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ شروع دن سے تشدد اور سیاسی قومی جمہوری کارکنوں کو ڈرانے، دھمکانے اور خوف زدہ کرنے کے عمل پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتی چلی آرہی ہے۔وفاقی دالخلافہ میں سیاسی نظریات اور سیاسی افکار پر دن دھاڑے بدترین تشدد اور جان سے مارنے والوں کو گرفتار نہ کرنا ریاستی قتل کے مترادف ہے۔پشتونخوامیپ قومی سیاسی، جمہوری کارکنوں کے خلاف متشددانہ مکروہ غیر انسانی، غیر آئینی اور غیر قانونی عمل سے سخت نفرت اور اس کی فوری روک تھام کا مطالبہ کرتی ہے۔بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ شہید گیلامن وزیر کے خاندان کے ساتھ اس غم میں برابر کی شریک ہے اور گیلامن وزیر کیلئے دعائے مغفرت اور پسماندہ گان کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں