ملک بھر کی اجناس منڈیوں کا دالوں اور چاول پر ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف جہدوجہد کا اعلان


کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان بھر کی اجناس منڈیوں کے صدور نے دالوں اور چاول پر ودہولڈنگ ٹیکس کو مسترد کرتے ہوئے فیصلے خلاف مشترکہ جدوجہد کا اعلان کردیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق جوڑیا بازار میں اجناس منڈیوں کے تاجروں کا مشترکہ ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں ود ہولڈنگ ٹیکس کو مسترد کرتے ہوئے مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ کیا گیا۔
چیئرمین کراچی گروسرز اینڈ ہول سیلرز عبد الروف ابراہیم نے کہا کہ دالوں اور چاول پر ود ہولڈنگ ٹیکس کسی صورت قبول نہیں، ایف بی آر کے لیے ریٹیلرز اور ڈیلرز سے شناختی کارڈ اور ٹیکس اکٹھا نہیں کریں گے، دالوں اور چاول کی قیمتوں میں دس سے پندرہ روپے فی کلو اضافہ ہوجائے گا۔
تاجر رہنما محمود مولوی نے کہا کہ حکومت اس معاملے پر ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کرے ، راتوں رات ٹیکسوں کے نظام کو تبدیل نہ کیا جائے، ملک میں ٹیکسوں کا سسٹم صحیح ہوجائے تو سب فائلرز ہوجائیں گے۔عبد الرؤف ابراہیم نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر مذاکرات کریں ورنہ ہڑتال پر چلے جائیں گے، کیا پیڑولیم ڈیلرز اور فلور ملز کی طرح ہڑتال کریں تب حکومت بات سنے گی۔
ملک بھر کی غلہ منڈیوں کے تاجروں نے حکومت کو ود ہولڈنگ ٹیکس ہٹانے کیلئے پانچ روز کی مہلت دے دی۔ عبدالروف ابراہیم نے مزید کہا کہ 30 جولائی کو ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف احتجاج کے حتمی لائحۂ عمل کا اعلان کیا جائیگا لاہور ہائی کورٹ میں کل ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف درخواست دائر کریں گے۔