بلوچ راجی مچی کیخلاف پروپیگنڈہ،کارکنان کی آواز کو دبانے کیلئے طاقت کا استعمال کیا جارہا ہے ،ایمان مزاری


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)انسانی حقوق کے کارکن اور وکیل ایمان مزاری نے بلوچ راجی مچی پر کریک ڈاؤن اور پروپگنڈہ پر سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس(ٹویٹر)پر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا بلوچ کارکنان کی آواز کو دبانے کیلئے طاقت کا استعمال کیا جارہا ہے۔بلوچ راجی مچی کیخلاف کریک ڈاؤن اور اس عوامی اجتماع کے خلاف پروپگنڈہ قابل مذمت ہے۔ ایمان مزاری نے کہا ہے کہ راجی مچی کےاعلان کے بعد سے کریک ڈاؤن میں شدت آگئی ہے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے منتظمین اور شرکاء کو فنڈز جمع کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی اور انہیں دھمکایا جا رہا ہے، متعدد افراد کو حراست میں لینے اور جبری لاپتہ کرنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں، آواران، ڈی جی خان اور خضدار میں خواتین کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا جب وہ اس اجتماع کے لئے کیمپئین چلا رہے تھیں۔انسانی حقوق کے کارکن نے پاکستان کے سیاسی و صحافی حضرات سے درخواست کی ہے کہ وہ بلوچ راجی مچی کے خلاف کریک ڈاؤن پر آواز اُٹھائیں اور جبری گمشدگیوں کی مذمت کریں۔