بلوچستان میں 5 ویں روز بھی حالات کشیدہ، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 5ویں روز بھی دھرنے جاری۔ شاہراہوں پر دھرنوں کے باعث بلوچستان کا دیگر صوبوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ سڑکوں پر کھڑے ٹرکوں میں موجود پھل اور سبزی جات بھی خراب ہونے لگیں۔ گوادر کے قریب تلار میں فورسز کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ کی بھی اطلاعات ہیں جس کے نتیجے میں تین سے زائد شرکا جاں بحق اور پچاس سے زائد زخمی ہوئے۔ دوسری جانب دالبندین بائی پاس پر پولیس کی فائرنگ اور مظاہرین آمنے سامنے آگئے، پولیس کی ہوائی فائرنگ ، مظاہرین کی جانب سے پولیس کی گاڑیوں پر پتھراﺅ کیا گیا۔ راجی مچی کے شرکا کی جانب سے مستونگ دھرنا ختم کرکے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ تاحال کوئٹہ میں بلوچستان یونیورسٹی کے سامنے دھرنا جاری ہے۔