گوادر میں دھرنا بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سازش تھی، ان کا مقصد عالمی وفد کو روکنا ہے، وزیراعلیٰ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس) پر ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ گوادر ایئر پورٹ کا افتتاح بھی کرینگے اور عالمی وفد کا گوادر آمد کے موقع پر استقبال بھی ہوگا اور پروگرام کے مطابق ساری چیزیں ہوں گی، ہم کسی بھی صورت کسی جتھے کو اجازت نہیں دینگے جو ریاست کے مہمان ہیں ان کو روکیں جبکہ جو گوادر میں ترقیاتی منصوبے چل رہے ہیں ان کو سبوتاژ کریں۔
آج آپ دیکھیں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سازش یہ تھی کہ آج آپ جا کر یہ دیکھیں گوادر میں انہوں نے کیوں سوچا کہ جلسہ وہاں کرناہے، وہاں پر بلوچ آبادی بھی کم ہے بلکہ خضدار، تربت اور باقی علاقوں میں بلوچ کی آبادی زیادہ ہے وہاں کیوں نہیں کیا کیونکہ یہ لوگ گوادر میں آنے والے عالمی وفد کو روکنا چاہتے تھے حکومت نے جو کیا وہ ٹھیک کیا ہے۔
ہمیں پتہ تھا کہ 20 سے 30ہزار لوگ گوادر میں اکٹھے کرینگے پھر گوادر میں تمام منصوبوں کو یہ لوگ روکیں گے، ہم یہ چاہتے ہیں کہ جو حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتا ہے ہمارے درواز ے کھلے ہیں، ہم بات سننے کو تیار ہیں لیکن یہ نہیںہوسکتاہے کہ ہم جتھوں کو اجازت دیں کہ بلوچستان میں حکمرانی کریں۔