54 سالہ بزرگ سی ڈی 70 موٹر سائیکل پر بلوچستان سے گلگت بلتستان تک کیسے پہنچا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 54 سالہ بزرگ سی ڈی 70 موٹر سائیکل پر 35 دنوں کا سفر کر کے گلگت بلتستان پہنچ گیا۔
محمد شریف کا تعلق بلوچستان سے ہے اور ان کی عمر 54 سال ہے پیشہ کے اعتبار سے وہ ایک ٹیچر ہیں، وہ پورا پاکستان گھومنے کے بعد خنجراب پہنچ گئے۔
محمد شریف نے بتایا کہ اللہ تعالی نے گلگت بلتستان کو جنت بنایا ہے اور دنیا کی جنت دیکھنے آیا ہوں۔ یہاں پہنچ کر مجھے بہت اچھا لگا، گلگت بلتستان بہت خوبصورت ہے خاص کر نوجوانوں سے گزارش ہے کہ وہ آئیں گھومیں اور علاقے کی خوبصورتی کا لطف اٹھائیں۔
انہوں نے مزید بتایا بچپن سے سفر کا شوقین تھا، یہ گلگت بلتستان کی جانب دوسرا سفر تھا اس سے قبل وادیٔ کیلاش تک آیا تھا اب خنجراب پاس تک سفر کرنے کے بعد واپسی کا سفر شروع کیا ہے۔ یہ سفر میں نے ’سی ڈی 70 ‘ موٹر سائیکل پر کیا اور یہی موٹر سائیکل میرے سفر کا ساتھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سب سے خاص بات یہ ہے کہ ایک مہینہ 5 دن میں نے کسی ہوٹل پر کرایہ دے کر کمرہ لیا نہ ہی ہوٹل پر کھانا کھایا ہے، یہاں مہمان نواز لوگ ہیں جو ہمارے رہنے اور کھانے کا بندوبست کرتے رہے ہیں۔
محمد شریف نے بتایا کہ یہاں کے لوگ اس سے بڑھ کر اور کیا محبت دے سکتے ہیں؟ ان کی محبت اور مہمان نوازی لازوال ہے۔
انہوں نے اپنے سفر کے اختتام پر نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ یہاں کا سفر کریں کیوں کہ شمالی علاقہ جات دنیا کی جنت کی مثل ہیں۔