عمران خان 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کیلیے کیس کریں گے، عمرایوب


لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ عمران خان 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے لیے کیس کریں گے۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ فوج ،ایف سی اور انٹیلیجینس ایجنسیز ریاست کے اوزاراور ملازم ہیں۔ فوج اور اداروں کو اپنے دائرہ میں رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق سیاست سیاستدان کریں۔ فوج کے پاس جی تھری رائفل ،توپیں ، اور ٹینک ہیں اور ائیرفورس کے پاس ہوائی جہاز اور جی ایف 17 ہیں۔ نیوی کے پاس سب میرین اور بریگیڈ اور جہاز ہیں۔
آئین کے آرٹیکل 7 کے مطابق ریاست مجلس شوری ہے۔ریاست قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی اور ٹیکس عائد کرنے والے ادارے ہیں۔
عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے عوام اور فوج کے درمیان مسلم لیگ ن اور پی پی پی خلا بنا رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کو آزاد ہونا چاہیے۔ یہ الیکشن کا سال ہے۔ اس بھنور سے مضبوط وزیراعظم ہی ملک کو نکال سکتا ہے۔ یہ فارم 47 کی حکومت کچھ نہیں کر سکتی ہے۔ کل بجلی اڑھائی روپے یونٹ اضافہ ہوا ہے۔جس شخص کی تنخواہ بیس یا پچیس ہزار روپے ہے وہ کیسے گزارا کرے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میں آئی ایس پی آر کا ترجمان نہیں ہوں۔ نو مئی واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج لے آئیں۔ بانی پی ٹی آئی سی سی ٹی وی فوٹیج کے لیے کیس کریں گے۔ہماری کسی سے کوئی ڈیل نہیں چل رہی ہے