لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو فوجی تحویل میں لے لیا گیا، کورٹ مارشل کی کارروائی شروع


لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید (ریٹائرڈ) کے خلاف مناسب تادیبی کارروائی شروع کر دی گئی ہے
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)آئی ایس پی آر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کو فوجی تحویل میں لیتے ہوئے فیلڈ کورٹ مارشل کا عمل شروع کر دیا گیاہے ۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کر دہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے پاکستان آرمی کی جانب سے ٹاپ سٹی کیس میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف کی جانے والی شکایات کی درستگی جانچنے کے لیے ایک تفصیلی انکوائری کی گئی۔ انکوائری کے نتیجے میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت مناسب تادیبی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
مزید برآں، ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پاکستان آرمی ایکٹ کی متعدد خلاف ورزیوں کے شواہد ملے ہیں۔ اس کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو فوجی حراست میں لے لیا گیا ہے۔