عمران خان نے چیف جسٹس کی ایکسٹینشن پر احتجاج کا اعلان کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے اگر مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا اور چیف جسٹس کو ایکسٹینشن دی تو ہم احتجاج کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کو تحریک کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کر دی۔
عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے حالات مختلف نہیں ہیں، الیکشن سے پہلے نومئی کے نام پر ہماری پارٹی پر کریک ڈاؤن کیا گیا، ہماری آدھی لیڈر شپ کو پکڑ کے جیل میں ڈالا گیا، آدھی لیڈر شپ انڈر گراؤنڈ ہوگئی، چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن ملے ہوئے تھے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت کو خدشہ ہے کہ حلقے کھلیں گے تو چوری پکڑی جائے گی، یہ اسی لیے ٹریبونلز میں اپنے ججز کو بٹھانا چاہتے ہیں، یہ مخصوص نشستیں ہمیں نہیں دے رہے، پہلے دو صوبوں میں الیکشن نہ کروا کر آئین کی خلاف ورزی کی، اب سپریم کورٹ کے فیصلے پرعملدرآمد نہ کرکے آئین شکنی کی جا رہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے کبھی پارٹی کو تحریک کا نہیں کہا، نو مئی سے قبل بھی پرامن احتجاج کی کال نہیں تھی، لیکن اگر سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہیں مانا گیا تو میں اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کہوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ انہیں جب معلوم ہوتا ہے کہ میرے اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ ہیں تو ان کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں، حالانکہ میرا کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہے کوئی بات چیت نہیں ہے، میں نے محمود خان اچکزئی کو سیاستدانوں سے مذاکرات کا اختیار دیا ہے، پی ٹی آئی مذاکرات نہیں کرے گی، اگر ہم سیاست دانوں سے مذاکرات کریں گے تو مطلب موجودہ حکومت کو تسلیم کرلیا۔