‘زبان پھسل گئی تھی’، آغا اور حنا الطاف کی طلاق کے بیان پر مدیحہ نقوی کی وضاحت
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مارننگ شو میزبان مدیحہ نقوی نے پاکستانی اداکار جوڑے حنا الطاف اور آغا علی کی علیحدگی سے متعلق دیے گئے بیان پر وضاحت پیش کر دی۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر مدیحہ نقوی کا ایک ویڈیو کلپ وائرل تھا جو کہ ان کے مارننگ شو کا تھا، انہوں نے شو کے ایک سیگمنٹ میں کہا تھا کہ اب حنا الطاف اور آغا علی تعلقات میں نہیں رہے۔
بعدازاں جب خبر میڈیا پر شائع ہوئی تو مارننگ شو میزبان نے وضاحت پیش کی اور ساتھ ہی معافی بھی مانگ لی۔
انسٹاگرام پر پوسٹ کردہ اسٹوری میں مدیحہ نے لکھا کہ ‘میں کون ہوتی ہوں کہ ان کی طلاق کی تصدیق کروں؟ جو میں نے کہا وہ صرف اس لیے تھا کیونکہ میری زبان پھسل گئی تھی اور یہ سب فکر مندی میں ایک کھیل کھیلنے کے دوران ہوا’۔
میزبان نے اسٹوری میں مزید کہا ‘مجھے یہ نہیں کہنا چاہیے تھا، میرے ناظرین جانتے ہیں کہ میں کچھ بھی محض توجہ حاصل کرنے کے لیے نہیں کہتی، میرا مقصد یا نیت کسی کو تکلیف پہنچانا نہیں تھا، خاص طور پر ان دونوں خوبصورت انسانوں کو جنہیں میں بے حد پسند کرتی ہوں’۔
واضح رہے کہ آغا علی اور حنا الطاف کی شادی کووڈ کے دوران مئی 2020 میں ہوئی تھی جب کہ 2022 میں ان کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کرنے لگیں جسے آغا علی نے مسترد کر دیا تھا۔
تاہم اب بھی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ دونوں کی طلاق ہوگئی ہے لیکن دونوں کی جانب سے اس سے متعلق تاحال کسی قسم کا بیان نہیں دیا گیا۔