بانی پی ٹی آئی نے شکیل خان کو ہٹانے سے متعلق تفصیلات مانگ لیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بانی پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کے سابق وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل خان کو ہٹانے سے متعلق تفصیلات مانگ لیں۔
پی ٹی آئی کی گڈ گورننس کمیٹی کے رکن قاضی انور آج اڈیالا جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گے۔
ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کو شکیل خان سمیت دیگر معاملات کے حوالے سے بریف کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر شکیل خان نے کہا تھا کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں تاہم بعد میں وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ انہیں گڈ گورننس کمیٹی کی ہدایت پر عہدے سے برطرف کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر شکیل خان نے الزام عائد کیا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کسی اور کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں، صوبائی حکومت اپنے بنیادی اصولوں اور وعدوں پر سمجھوتا کر رہی ہے، حکومت اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔ خراب حکمرانی اور بدعنوانی نے پارٹی کا منشور تباہ کردیا ہے۔
شکیل خان کی جانب سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ ان کے محکمے میں مداخلت کر رہے تھے، صوبے میں کرپشن اور بیڈ گورننس کے باعث کام نہیں کر پا رہا تھا۔