پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
تحریک انصاف کی جانب سے عزیر بھنڈاری ایڈووکیٹ نے متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست مسترد کی جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو آزاد ارکان کے وابستگی سرٹیفکیٹ منظور کرنے کا حکم دیا جائے، الیکشن کمیشن کو 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر عمل کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 12 جولائی کے فیصلے پر وضاحت کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا درست نہیں، اسے فیصلے پر عمل درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے، الیکشن کمیشن کی درخواست عدالتی فیصلے پر عمل درآمد میں تاخیر کی کوشش ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے متفرق درخواست نیک نیتی سے دائر نہیں کی، الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں میں رکاوٹ پیدا کر رہا ہے، تحریک انصاف کا آئین و قانون کے مطابق بنیادی ڈھانچہ موجود ہے، پی ٹی آئی نے 3 مارچ کو انٹرا پارٹی الیکشن کرایا، انٹرا پارٹی الیکشن کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب بالترتیب چیئرمین اور جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے، ارکان کی پارٹی وابستگی کو چیئرمین اور سیکرٹری نے دستخط سے منظوری دی، الیکشن کمیشن پابند ہے کہ پارٹی وابستگی کے سرٹیفکیٹس پر کارروائی مکمل کرے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 12 جولائی کو سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا۔
سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے میں یہ نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا تھا۔